کراچی(این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران اتارچڑھائو کے بعد تیزی غالب رہی اور کے ایس ای100انڈیکس میں337پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،ہفتے کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس42 ہزار 842 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔الیکشن کے بعد اب نئی حکومت کے اقتدار میں آنے سے قبل سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انویسٹرز کی جانب سے حصص کی خریداری میں دلچسپی بہت
ہی کم ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کا اوسط کاروباری حجم 27 فیصد کمی کے بعد 208 ملین شیئرز تک محدود رہ گیا۔گزشتہ ہفتے کے دوران حصص کی مالیت میں 21 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 3 کروڑ 86 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کرڈالے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا جس سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آنے کا امکان ہے۔