جیکب آباد (ا ین این آئی) جیکب آبادکے راستے ایرانی پیٹرول اورڈیزل کی اسمگلنگ پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے جاری فی ٹینکر 1500روپے وصول کرکے پولیس نے آنکھیں بند کرلیں تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے جیکب آبادکے راستے ایرانی پیٹرول ،ڈیزل اورغیر ملکی سامان کی اسمگلنگ دن رات زور شور سے جاری ہے ممل پھاٹک کے راستے ایرانی تیل اورڈیزل کے ٹینکر پولیس کی نگرانی میں ذرائع کے مطابق کراس کرائے جاتے ہیں
ذرائع کے مطابق جھٹ پٹ کے ایک پمپ سے ٹینکر والے پیٹرول خریدنے کی رسیدلیتے ہیں جو رسید بعد میں پولیس والے ٹینکر سے لے کر پمپ کو دے کر فی ٹینکر کے حساب سے 1500روپے رشوت وصول کرتی ہے پولیس کی ملی بھگت سے اسمگلنگ کایہ کام سرعام جاری ہے جیکب آبادکے علاقے مبارکپور ،آباداور شہرمیں ایرانی تیل کے ایجنسیاں تک کھل گئی ہیں ذرائع کے مطابق ایرانی تیل اورڈیزل ڈرموں میں ڈاٹسن ،ٹریکٹر ٹرالی اورمسافر بسوں کے ذریعے بھی ملک کے دیگر علاقوں میں لے جایاجارہاہے علاوہ ازیں ان راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ بھی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایس ایس پی جیکب آباد اس اسمگلنگ سے مکمل طورپر لاعلم ہیں جس کے باعث جیکب آباد کے راستے لاکھوں کی مالیت کا ایرانی تیل ،ڈیزل اوردیگر غیر ملکی سامان اسمگل کرکے ملک کی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاجارہاہے جس میں کوئی اورنہیں بلکہ پولیس عملہ ملوث بتایاجاتاہے ۔