لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس شرح میں مزید 25سے 30فیصد کمی کی جائے ،ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی پالیسی ترک کرکے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے اور اس کیلئے مارکیٹوں کا سروے کرانے کیلئے اداروں سے بھرپورتعاون کرنے کیلئے تیار ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے کاروبار اور مجموعی معیشت
پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ان حالات میں پر امن انتخابات اور انتقال اقتدار وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی آنے والی حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر از سر نو پالیسیاں تشکیل دے ۔ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لائی جائیں اور پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے اس کے دائرہ میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ تاجر تنظیمیں پیشکش کر چکی ہیں کہ نئے ٹیکس دینے والوں کی تلاش کیلئے مارکیٹوں کے سروے میں مدد دینے کے لئے تیار ہیں۔