کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی، صرف ایک روز میں 3 ڈالر 74 سینٹس تک کا اضافہ ہوا ہے جس سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ اوپیک اجلاس میں توقعات سے کم تیل سپلائی کی منظوری ہے۔ ماہرین اوپیک کی جانب سے 18 لاکھ بیرل
یومیہ تیل سپلائی توقع کررہے تھے جبکہ اوپیک نے صرف یومیہ 7 لاکھ بیرل سپلائی کی منظوری دی۔ امریکی خام تیل کی قیمت صرف ایک ہی روز میں 3 ڈالر 74 سینٹ اضافے سے 69 ڈالر 28 سینٹ تک پہنچ گئی جبکہ برطانیوی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 28 سینٹس اضافے سے 75 ڈالر 55 سینٹس فی بیرل تک پہنچ گئی۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔