فیصل آباد(نیوز ڈیسک) الفطیم رینالٹ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے رینالٹ گاڑیوں کی پاکستان میں پیداوار اور اسمبلیوں کے پلانٹ لگانے کے لیے صنعتی پلاٹ حاصل کرلیا ہے۔یہ پلانٹ فیصل آباد کے خصوصی اقتصادی زون میں ایم 3 انڈسٹریل سٹی میں لگائے جائیں گے۔الفطیم آٹوموٹو انٹرنیشنل کے سینیئر مینیجنگ ڈائریکٹر کولن کورڈری کا کہنا تھا کہ الفطیم پاکستانی مارکیٹ اور اپنے منصوبے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ غیر ملکی ڈائریکٹ سرمایہ کاری کو پاکستان میں لانے میں اہم کردار ادا
کرے گا۔منصوبے کا ڈیزائن اور پری انجینیئرنگ کام جاری ہے جبکہ سائٹ پر کام کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔اس منصوبے کا 2018 کے آخری تک باقاعدہ طور پر انعقاد بھی کردیا جائے گا۔کام مکمل ہوجانے پر اسمبلی پلانٹ سے تقریباً 50 ہزار گاڑی فی سال پیدا کی جائیں گی ٗالفطیم اور رینالٹ کو امید ہے کہ فیکٹری میں پیداوار کا آغاز 2020 تک ہوجائے گا۔الفطیم رینالٹ پاکستان منصوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) یاسر علوی کا کہنا تھا کہ رینالٹ اپنی گاڑیوں کی کوالٹی اور حفاظت کی وجہ سے مشہور ہے۔