کراچی(این این آئی) ڈالر کی اونچی اُڑان کے بعد سونے کی قیمتوں کی بھی بڑی قلابازی ،اچانک قیمتوں میں اتنا اضافہ کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا،بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں پیرکوفی اونس سونے کی قیمت میں 4ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی،اس کے برعکس ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا800روپے مہنگاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پیرکوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں4ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی،
جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت 1299ڈالرسے گھٹ کر1295ڈالر ہوگئی۔پیرکوملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب800روپے اور685روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں کراچی ،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت57500روپے سے بڑھ کر58400روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت49383روپے سے بڑھ کر50068روپے ہوگئی۔