کراچی(آن لائن) کویت کی حکومت نے بھارت سے پھل اور سبزی کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔حکومت کویت کے وزارت تجارت کے مطابق کویت کی فوڈ سیفٹی کمیٹی نے بھارت سے درآمدی پھل اور سبزی میں نپھا وائرس کی موجودگی کی رپورٹ پر پابندی کی تجویز دی تھی۔کویتی فوڈ سیفٹی کمیٹی کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ اور جنوبی بھارت میں نپھا وائرس کی وباء پھیل رہی ہے اور نپھا وائرس انسان اور جانور دونوں کے لیے خطرے کا باعث ہے۔
اس حوالے سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر وحید احمد کا کہنا ہے کہ کویت حکومت کا درآمدی بھارتی پھل اور سبزی پر پابندی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پھل اور سبزیوں پر پابندی سے پاکستان سے کویت پھل اور سبزی کی برآمد دگنی ہوجائے گی۔وحید احمد نے بتایا کہ نپھا وائرس سے انسان اور جانور دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور یہ وائرس بھارت کی دو ریاستوں میں سامنے آیا ہے۔