اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خام تیل کی قیمت4 سال کی بلند ترین سطح 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ۔ جس کے باعث حکومت نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 سے 7 روپے فی لٹر اضافے کی تیاری کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم جون سے پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لٹر،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 87 پیسے فی لٹر،مٹی کے تیل کی قیمت میں
5 روپے 61 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ حکومت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 17 کی بجائے 27.5 فیصد جی ایس ٹی وصول کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جی ایس ٹی کی شرح میں کمی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ 31 مئی کو ن لیگ کی وفاقی حکومت کی مدت بھی ختم ہونے والی ہے ۔