کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایک) میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی کا رجحان رہا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 124 پوائنٹس کی تنزلی کے بعد 43 ہزار 705 پر بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز میں تیزی دیکھی گئی جہاں انڈیکس نے دن کی بلند ترین سطح 44 ہزار 44 پوائنٹس کو چھوا لیکن اگلے سیشن میں تنزلی کا رجحان غالب آیا۔ پی ایس ایکس میں کاروبار کی کم ترین سطح 43 ہزار 660 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے ابتدائی سیشن میں 8 ارب مالیت کے 17 کروڑ 76 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی تاہم دیگر سیشنز میں 5 ارب 9 لاکھ مالیت کے 13 کروڑ 70 لاکھ حصص کی خروید و فروخت ہوئی۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 357 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 134 کے کاروبار میں تیزی، 201 کے کاروبار میں تنزلی جبکہ 22 کے کاروبار میں استحکام رہا۔ کاروبار میں سیمنٹ کا شعبہ چھایا رہا جس کے 2 کروڑ 86 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی جبکہ کیمیکل اور انجینئرنگ کا شعبہ بالترتیب 2 کروڑ 59 لاکھ اور ایک کروڑ 88 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہا۔ فوجی سیمنٹ کے ایک کروڑ 21 لاکھ حصص کی خرید و فروخت ہوئی، دوسرے نمبر پر یونٹی فوڈذ لمیٹڈ کا کاروبار ہوا جس کے ایک کروڑ حصص کی لین دین ہوئی، تیسرے نمبر پر دوست اسٹیل لمیٹڈ کے 99 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔ پی ایس ایکس میں بائیکو پیٹرولیم کے 94 لاکھ اور نیمر ریزنز کے 73 لاکھ حصص کی خرید و فروخت ہوئی۔