اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف ٹی وی چینل جیو نیوز کے مارننگ شو کی ہوسٹ ہما امیر شاہ پردہ سکرین سے غائب، نیلم یوسف نے جگہ لے لی۔ تفصیلات کے پاکستان کے معروف ٹی وی چینل جیو نیوز کے مارننگ شو کی ہوسٹ ہما امیر شاہ سے متعلق خبر ہے کہ وہ اب پروگرام’’جیو پاکستان‘‘کے میزبانی نہیں کر رہیں۔ پردہ سکرین پر ان کی جگہ نیلم یوسف نے لے لی ہے
جو کہ پروگرام کے دوسرے میزبان عبداللہ سلطان کے ساتھ پروگرام کرتی نظر آرہی ہیں۔ ہما امیر شاہ کے اچانک میزبانی چھوڑ کر غائب ہونے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی تاہم سوشل میڈیا پر اطلاعات ہیں کہ ہماامیر شاہ کو شو سے الگ کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ نیلم یوسف کو پروگرام کی میزبانی کے فرائض دئیے گئے۔ نیلم یوسف اس سے قبل اے آر وائی نیوز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکی ہیں جبکہ وہ نیوز کاسٹر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔ واضح رہے کہ ہما امیر شاہ ’’جیو پاکستان‘‘کی پہلی اینکر تھی جنہوں نے معروف میزبان اسامہ غازی کے ساتھ پروگرام کا آغاز کیا تھا ۔ کچھ عرصہ بعد اسامہ غازی شو سے الگ کر دئیے گئے اور ان کی جگہ عبداللہ طارق نے لے لی اور اب ہماامیر شاہ کی جگہ نیلم یوسف آچکی ہیں جس سے ’’جیو پاکستان‘‘کی پہلی میزبان ٹیم مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جیو نیوز کی معروف نیوز کاسٹر رابعہ انعم کو رپورٹنگ ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جس کے بعد انہیں کئی عرصے سے بند پروگرام’’لیکن!‘‘کی اینکر کے طور پر سامنے لایا گیا ہے ، یہ پروگرام پہلے ’’ثنا بچہ‘‘کر رہی تھیں۔




















































