اسلام آباد (این این آئی)رواں سال عید قرباں کے موقع پر 200 ارب روپے کی کاروباری سرگرمیوں کی توقع ہے۔ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال عید قرباں کے موقع پر تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی تھی جن میں 35 لاکھ گائے ٗ80 لاکھ بکرے اور 80 ہزار اونٹوں کے علاوہ دیگر جانور بھی شامل تھے۔ گذشتہ سال عالمی مارکیٹ میں کھالوں کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں حاصل ہونے والی کھالوں کا
تخمینہ 6 ارب 50 کروڑ روپے لگایا گیا جبکہ عام طور پر ملک میں قربانی کے جانوروں سے حاصل ہونے والی کھالوں کی قیمت 10 تا 12 ارب روپے کے قریب بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال قربانی کے جانوروں کی خریداری پر 150 ارب روپے کے اخراجات آئے جبکہ دیگر سرگرمیوں سے مجموعی حجم 160 ارب روپے کے قریب رہا تھا۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر رواں سال عید قرباں پر کاروباری سرگرمیوں کا حجم 200 ارب روپے تک بڑھنے کا امکان ہے۔