اسلام آباد(آن لائن) وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ویب پورٹل قائم کر دیا ہے. ویب پورٹل کے ذریعے مقامی اور عالمی سطح پر لوگوں کو پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات تک رسائی حاصل ہو گی، کمرشل قونصلرز کے ذریعے بیرون ممالک بھی اس ویب پورٹل کے بارے لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن نے ٹیکسٹائل سے متعلقہ تنظیموں کو ویب پورٹل پر اپنی پروفائل بنانے کے لیے لیٹر بھی ارسال کر دیے ہیں۔
وفاقی وزارت ٹیکسٹائل کی جانب سے پاکستان میں ٹیکسٹائل کی گرتی برآمدات اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کے لیے ویب پورٹل قائم کر دیا گیا ہے، اس ویب پورٹل کا مقصد پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن کی جانب سے قائم کیے جانے والے فرسٹ ایور ڈیڈی کیٹڈ ٹیکسٹائل اسپیسفک ویب پورٹل میں پاکستان کی ٹیکسٹائل تنظیموں کے 3ہزار سے زائد ممبران کا ڈیٹا موجود ہے، کوئی بھی مقامی یا غیرملکی تاجر اس ویب پورٹل کے ذریعے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بارے میں معلومات لے سکتا ہے اورٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے اپنی تیار کردہ مصنوعات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی اپ لو ڈ کی جا سکیں گی جس سے عالمی سطح پر پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ویب پورٹل پر اپنی مصنوعات کی تصایر اپ لوڈ کرنے اور پروفائل بنانے کے لیے ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن کی جانب سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، کاٹن جنرز ایسوسی ایشن سمیت ٹیکسٹائل سے متعلقہ تمام ایسوسی ایشنز کو لیٹر بھی لکھ دیا گیا ہے تاکہ تمام ایسوسی ایشنز کے ممبران اپنی پروفائل بنا کر لمحہ بہ لمحہ اپنی مصنوعات کی معلومات کو اپ گریڈ کرتے رہیں۔