بیجنگ( آن لائن ) رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کی درآمدات و برآمدات131 کھرب 40 ارب چینی یوآن تک پہنچ گئی ، تجارتی سرمایہ کاری کو مزید آزاد اور آسان بنانے کیلئے دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر ، آزاد تجارتی زونز کے قیام ، دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کے طے پانے کے لئے بھر پور کوشش جاری رکھیں گے۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی ریاستی کونسل نے کہا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کی بیرونی تجارت میں تیز اضافہ ہوا ہے۔
برآمدات و درآمدات کی کل مالیت ایک سو اکتیس کھرب چالیس ارب چینی یوآن تک جا پہنچی ہے جس سے گذشتہ دو برسوں سے تنزلی کی صورتحال میں ٹھہراو آ گیا ہے۔ نائب وزیر تجارت چھین کھہ مینگ نے بتایا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین میں بیرونی سرمایہ کاری کا تناسب پچھلے سال کے برابر رہا ہے۔ اور بیرونی سرمایے کے استعمال کا ڈھانچہ بھی بہتر ہوا ہے۔ہائی ٹیکنالوجی کی حامل مشینری صنعتوں اور شعبہ خدمات میں بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت میں بالترتیب گیارہ اور بیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں چین کی ریاستی کونسل کے تحت ترقیاتی ریسرچ سینٹر کے نائب سربراہ لونگ گو چحیانگ نے پرزور الفاظ میں کہا کہ چین بہتر تجارتی ماحول کے قیام کے لئے پالیسیاں اپناتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاروں کے داخلے کے لئے مزید دروازہ کھولے گا۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر ، آزاد تجارتی زونز کے قیام ، دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کے طے پانے کے لئے بھر پور کوشش جاری رکھے گا تاکہ تجارتی سرمایہ کاری مزید آزاد اور آسان ہو جائے۔