لاہور( این این آئی)چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نو خصوصی صنعتی زونز کے قیام سے متعلق منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ مکمل کرلی گئی ،اقتصادی زونز چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں قائم کئے جائیں گے۔سرکاری ذرائع نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ اقتصادی زونز کے قیام سے نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے ہزاروں مواقع بھی
پیداہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ایک اقتصادی زون خیبرپختونخوا ہ کے علاقے رشاکئی میں دوہزار ایکڑ رقبے پر قائم کیا جائے گا۔رشاکئی اقتصادی زون کے قیام کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر پہلے ہی دستخط کئے جاچکے ہیں یہ اقتصادی زون رواں سال کے آخر تک فعال ہوجائے گا۔ذرائع کے مطابق زون میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف سرمایہ کاروں کی طرف سے سوسے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔