اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے گاڑیوں کے ٹیکس نادہندگاں کیخلاف 20 مارچ سے شروع کی جانے والی مہم میں اب تک 6378 گاڑیوں کے کاغذات
چیک کئے گئے۔جن میں 3136 گاڑیوں کو کراچی میں ، 1151 کو حیدر آباد ،577 کو سکھر ،516 کو لاڑکانہ ،575 کو میر پور خاص اور 423 گاڑیوں کو شہید بے نظیر آباد میں چیک کیا گیا۔چیکنگ کے دوران 263 گاڑیوں کو ٹیکس کی عدم ادائیگی اور دستاویزات کی کمی کے باعث ضبط کرلیا گیا جبکہ 784 گاڑیوں کے کاغذات بھی قبضے میں لئے گئے تاہم ٹیکسز اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد 366 گاڑیوں کے کاغذات واپس کردئیے گئے۔مہم کے دوران اب تک کراچی میں 7 لاکھ 18 ہزار 126 روپے ، حیدرآباد میں 4 لاکھ 24 ہزار 269 روپے ، سکھر میں 2 لاکھ 29 ہزار 211 روپے ، لاڑکانہ میں 90 ہزار روپے ، میرپورخاص میں 4 لاکھ 45 ہزار 188 روپے اور شہید بینظیر آباد میں 8 لاکھ 86 ہزار 199 روپے ٹیکس اور 4 لاکھ 69 ہزار 152 روپے جرمانے کے وصول کئے گئے۔