اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی سرمایہ کار پاکستان کی جانب متوجہ ہو چکے ، بھارت نے بھی آخرکار پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر لیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تیزمعاشی ترقی کی رفتار اور نئے نئے ریکارڈ قائم کرتی پاکستان سٹاک ایکسچینج نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر لی۔ پی ایس ای کی طویل مدتی ترقی
کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کیلئے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 6کمپنیاں گلوبل ایکوٹی انڈیکس میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی ہیں جنہیں ایف ٹی ایس ای 17مارچ کو باقاعدہ گلوبل انڈیکس کا حصہ بنائے گا۔ گزشتہ سال بھی کارکردگی کے اعتبار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بہترین مارکیٹ قرار پا چکی ہے جبکہ رواں سال جنوری میں اس کے بزنس نے ایک مرتبہ پھر ریکارڈ قائم کیا جس میں کارپوریٹ سیکٹر پروفٹ میں ترقی، ڈسپوزبل انکم، لون ڈیمانڈ اور پاور جنریشن ترقی کے بنیادی اسباب ہیں جب کہ سی پیک کی مدد سے 50 بلین ڈالرز نے بھی ملکی معیشت کو استحکام بخشا۔