دوحہ(آن لائن)قطر ائیرویز نے گزشتہ روز کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلم ممالک سے پروازوں کی آمد پر پابندی کے حکم نامے کے بعد امریکہ داخلے کیلئے نئے قوانین پر عملدرآمد کیا جائے گا۔خلیجی بیڑے کے ایک ترجمان نے کہا کہ صرف ان مسافروں کو امریکہ لے جایا جائے گا جن کے پاس درست دستاویزات ہوں گی۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ ہم نئے قوانین پر عملدرآمد کرنے جارہے ہیں اگر امریکہ کا سفر کرنے والے مسافروں کے پاس درست دستاویزات نہیں ہوں گی تو ہم انہیں امریکہ نہیں لے جائیں گے۔یہ خبریں ٹرمپ کی جانب سے ایران،عراق،لیبیا،صومالیہ،سوڈان،شام اور یمن سے آنے والے مسافروں پر نئی سخت پابندیاں عائد کرنے کے بعد سامنے آئی ہیں۔نئے حلف اٹھانے والے امریکی صدر نے جمعہ کے روز ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے تھے جس کے تحت پناہ گزینوں کی آمد روک دی گئی ہے اور سات ممالک سے آنے والے مسافروں پر سخت کنٹرول نافذ کیا گیا ہے۔