بیجنگ(آئی این پی)چین نے 2020تک پانچ ملین الیکٹرک گاڑیاں سڑکوں پر لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،چین ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں اہم کردارادا کر رہا ہے ۔چینی میڈیا کے مطابق2020کے اختتام تک 50لاکھ الیکٹرک گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں گی جو کہ زیادہ تر مقامی سطح پر ہی تیار کی جا رہی ہیں اور یہ انتہائی سستی بھی ہیں،
چین کے مختلف علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے گزشتہ برسوں کے دوران الیکٹرک کاروں کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، چین میں باقی دنیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ الیکٹرک کاریں فروخت ہوتی ہیں۔ چین میں الیکٹرک گاڑیوں کے مشہور ترین برانڈ ’ای وی‘ کو حکومت کی جانب سے مالی مراعات دی جا رہی ہیں۔
بیجنگ حکومت اس ماحول دوست ٹیکنالوجی میں مثالی کردار ادا کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔چین میں گزشتہ برس جنوری سے نومبر تک بیٹری سے چلنے والی کاروں کی فروخت میں ساٹھ فیصد کا اضافہ ہوا۔ چین حکومت چاہتی ہے کہ 2020ء تک پانچ ملین الیکٹرک گاڑیاں یا ’پلگ اِن‘ کاریں سڑکوں پر ہوں۔