اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین ریل اور توانائی کے منصوبوں میں ساڑھے آٹھ ارب ڈالرز کی اضافی سرمایہ کاری کرے گا۔ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں چین کی جانب سے یہ سرمایہ کاری توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفرااسٹرکچر کے مشترکہ منصوبوں کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ کوئی ساڑھے چار ارب ڈالرز کراچی تا پشاور میں ریلوے لائن پر ٹریکس اور سگنلنگ نظام کو بہتر بنانے پر خرچ ہوں گے۔ ان لائنوں پر ٹرینوں کو80-60 کلومیٹرز سے بڑھاکر 160 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار پر لایا جائے گا۔ باقی 4ارب ڈالرز ایل این جی ٹرمینل اور ٹرانسمینشن لائن پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہ 46 ارب ڈالرز جو پہلے ہی موجود ہیں ان میں اس ساڑھے 8 ارب ڈالرز اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔