لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے بیرونی قرضوں کا حجم 73 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ مالی سال 2016 کے دوران پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کی گیا ہے اس سے پچھلے سال بیرونی قرضے بڑھنے کی بجائے 20 کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد 65 ارب 10 کروڑ ڈالر رہ گئے تھے
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016 کے دوران قرضوں کے حجم میں جتنا اضافہ ہوا ہے اتنا قرض لیا نہیں گیا عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاو نے بھی پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 307 ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ ین کی قدر بڑھنے سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 125 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی
قدر میں 2.9 فیصد کمی سے بیرونی قرضوں کا حجم مزید 182 ارب روپے بڑھ گیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016 میں سرکاری غیرملکی قرضوں کا حجم تقریبا 5 ارب ڈالر اضافے سے 51 ارب 70 کروڑ ڈالر اور آئی ایم ایف کا قرض تقریبا 2 ارب ڈالر اضافے سے 6 ارب ڈالر ہو گیاہے اور اس دوران نجی شعبے کے بیرونی قرضے 30 کروڑ دالر کا اضافے سے 3 ارب 30 کروڑ ڈالر ہو گئے۔