اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور چین کے عظیم الشان منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے جہاں پاکستان میں ترقی کا نیا دور آئے گا وہیں ہزاروں ملازمتوں کے امکانات بھی روشن ہونگے ۔
پاکستان کے سب سے پیارے دوست ملک چین اور پاکستان کی کوششوں سے تکمیل کی جانب بڑھتے منصوبے کو دنیا میں موجود پاکستان کے حاسد ممالک کے حسد کا بھی سامنا ہے ۔ بھارت کئی با ر اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کر چکا ہے تاہم چین کے ہر بار دئیے گئے کرارے جواب نےا سے ہر بار ٹھنڈا کر دیا ۔
تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے پاک چین تعلقات سے پیدا ہونے والے کچھ مسائل بھارت کیلئے باعث تشویش ہیں جن میں اقتصادی راہداری منصوبہ بھی شامل ہے جو آزاد کشمیر کے راستے تعمیرکیا جا رہا ہے، ہم نیوکلیئرہتھیاروں کے استعمال کی بات نہیں کرتے کوئی اور یہ بات کرتا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان حل طلب مسائل میں بڑی طاقتوں کو ملوث کرنے کی کوئی
ضرورت نہیں ہے۔ پیر کو میڈیا کے مطابق ایک معروف تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے ایس جے شنکر نے کہا پاک بھارت تعلقات میں کسی بھی عظیم طاقت کے ملوث ہونے پر بھارت کی “الرجی” سے سب واقف ہیں۔