اسلام آباد (این این آئی)پی ٹی آئی کا دھرنا موخر ہونے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اضافہ دیکھا گیا،100انڈیکس 41ہزار 742پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کو لاک ڈاون کرنے کا اعلان واپس لینے کے بعد اس کے اثرات پاکستان سٹاک ایکسچینج نظر آنا شروع ہو گئے ،کے ایس ای100انڈیکس دھرنے کا اعلان واپس لینے کے بعد اگلے ہی روز 41ہزار 742پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 442پوائنٹس کے اضافے کے بعد 41ہزار 742پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا،کے ایس ای 100انڈیکس میں 23کروڑ6لاکھ 67ہزار320شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 15ارب63کروڑ68لاکھ81ہزار 579روپے تھی،پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 409کمپنیوں کے شیئرکا کاروبار ہوا جن میں سے 252کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ 139کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں کمی اور 18کمپنیوں کے شیئرز کی قدر اپنی سطح پر مستحکم رہی۔واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں لاک ڈاون کے اعلان پر گزشتہ ایک ہفتے سے سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان تھا تاہم یہ فیصلہ واپس لینے کے بعد ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 1400پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔