اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی جریدے بلوم برگ نیوز نے پاکستانی معیشت میں بہتری سے متعلق بڑی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق 2018ء کے عام انتخابات تک پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 60 ہزار کی سطح عبور کرجائے گا، آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کے بعد حکومت پاکستان کے معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات مارکیٹ کے مثبت رجحان کو مزید بہتر کریں گے جبکہ چین سے آنیوالی سرمایہ کاری اسے مزید تقویت فراہم کرے گی۔
پاکستانی مارکیٹ پر بلوم برگ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا بینچ مارک 100 انڈیکس رواں سال 27 فیصد بڑھ گیا ہے اور یہ ایشیاء کی 2016ء میں بہترین کارکردگی کی حامل مارکیٹ قرار پائی ہے، 2017ء میں ایم ایس سی آئی ایمرجنگ مارکیٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شمولیت کے بعد مزید تیزی آئے گی۔بلوم برگ رپورٹ میں لندن اور میلان سے ماہرین کی رائے شامل کی گئی ہے جنہوں نے تسلیم کیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے ادائیگیوں کے خسارہ کے مسئلے کو حل کیا اور زرمبادلہ ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جس سے مارکیٹ مزید بہتر ہوگی۔میلان سے تعلق رکھنے والی ایک فنڈ منیجر نے کہا کہ ریگولیٹر کی جانب سے اجازت ملنے پر وہ اپنے فنڈ کا 10 فیصد حصہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے مختص کر دیں گے۔بلوم برگ رپورٹ میں ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات تک بنچ مارک 100 انڈیکس 60 ہزار پوائنٹس تک پہنچ سکتا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کے بعد حکومت پاکستان ملکی معیشت کی ترقی کیلئے مزید اقدامات کریگی، جس سے مارکیٹ کے مثبت رجحان میں مزید بہتری آئیگی اور اس سلسلے میں چین سے آنیوالی سرمایہ کاری اسے مزید تقویت فراہم کرے گی