واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)ترقی یافتہ ممالک کی سست معاشی ترقی کے باعث مرکزی بینکوں نے اپنی شرح مارک اپ زیرو سے بھی کم کردی ہے جس کے باعث سرمایہ کار وں کی پاکستان جیسے ممالک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس کے مطابق مارچ سے لیکر اب تک تقریباً تیس ابھرتی ہوئی منڈیوں میں 67 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ان ممالک میں چین اور روس شامل نہیں جہاں غیرملکی خریداری پر معلومات محدود ہیں۔ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایک ابھرتا ہوا ستارہ ہے جہاں معاشی اعشاریے تیزی سے ترقی کررہے ہیں۔ کراچی سٹاک ایکسچینج کا 100انڈکس بیس فیصد سے زائد رہا اور پاکستان کے شاندار معاشی امکانات کے باعث عالمی سرمایہ کار منافع بخش سرمایہ کاری کے باعث اب پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تیزی سے معاشی ترقی کرنے والے دیگر ترقی پذیر ممالک میں پیرو بھی شامل ہے جہاں اس سال سٹاکس 56 فیصد سے زائد رہے۔