لاہور(آن لائن)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں عوام کے لئے ریلیف پیکج تیار کرلیا ہے جبکہ گراں فروشوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ۔ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 310 روپے میں اور 20 کلو گرام کا تھیلا 620 روپے میں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر میں 330 رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 25 ماڈل بازار بھی رمضان بازار کے طور پر کام کریں گے۔رمضان المبارک کے دوران 2 ہزار دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں کا آغاز 3 جون سے کیا جائے گااوررمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی ، گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی اوررمضان بازاروں میں چینی، گھی اور چکن عام مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو گرام کے حساب سے سستے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فئیر پرائس شاپس بھی لگائی جائیں گی جہاں پھل، کھجوریں، سبزیاں اور دالیں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔