اسلام آباد (این این آئی)رواں مالی سال 2015۔16ء کے پہلے نو ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع جات کی اپنے ممالک کو منتقلی میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس دوران غیر ملکی کمپنیوں نے 1.271 ارب ڈالر کی منافع جات اپنے اپنے ممالک کو منتقل کئے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ کے دوران ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکہ سرمایہ کاری کا حجم 957 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سرمایہ کاری توانائی کے شعبہ میں کی گئی جس کا حجم 471 ملین ڈالر رہا ہے۔ جبکہ شعبہ سے منافع جات کی منتقلی کا حجم 159ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح رواں مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں کے دوران مالیاتی شعبہ سے سب سے زیادہ منافع جات کی منتقلی کی گئی ہے جو 293ملین ڈالر رہی جبکہ رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ میں 19.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھی ریکارڈ ترسیلات زر کی گئی ہیں جس کی وجہ سے حساب جاریہ کے خسارے کو کم رکھنے میں مدد ملی ہے اور رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.6ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔