اسلام آباد( آن لائن ) امریکی ایگزم بینک نے بلو کی ، حویلی بہادر شاہ اور بھکی میں 3600 میگا واٹ کے حامل 3 منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد فنانسنگ کی تفصیلات طے کریں۔ وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق یو ایس ایگزم بینک کے نائب صدر انیتے مارسٹیں نے اسحاق ڈار کو خط لکھا جس میں انہوں نے ایل این جی سے چلنے والے بجلی کے تین منصوبوں کیلئے فنانسنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا، ایگزم بینک کے چیئرمین نے 2015 ء4 میں اعلیٰ حکام کیساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وزیر خزانہ سے تفصلی ملاقات کی تھی، وزیر خزانہ نے انہیں توانائی سمیت دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی جن میں ایگزم بینک سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ ان کاوشوں کے نتیجہ میں بینک نے ایل این جی پر چلنے والے منصوبوں کیلئے فنانسنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔