کراچی (این این آئی) مالی سال 16ء کے پہلے 10 مہینوں میں کارکنوں کی ترسیلات زر 5.2 فیصد نمو کے ساتھ16 ارب ڈالر ہو گئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مالی سال 16ء کے ابتدائی 10 مہینوں (جولائی تا اپریل) کے دوران 16034.39ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جس سے مالی سال 15ء کے اسی عرصے میں بھجوائی گئی رقم 15235.00 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5.25 فیصد کی نمو ظاہر ہوتی ہے۔ اپریل 2016ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1656.85 ملین ڈالر تھی جو مارچ 2016ء کے مقابلے میں منفی 3.17 فیصد ہے اور اپریل 2015ء کے مقابلے میں 1.02 فیصد زیادہ ہے۔ بلحاظ ملک اپریل 2016ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب 488.78 ملین ڈالر،345.99 ملین ڈالر، 189.84ملین ڈالر، 221.88 ملین ڈالر، 199.53ملین ڈالر اور 39.85 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے جبکہ اپریل 2015ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب 519.65 ملین ڈالر، 398.41 ملین ڈالر، 214.45 ملین ڈالر، 186.96ملین ڈالر، 193.13ملین ڈالر اور 27 ملین ڈالر تھیں۔ اپریل 2016ء کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 170.98ملین ڈالر رہیں جبکہ اپریل 2015ء میں ان ملکوں سے 100.49ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں