نیویارک (نیوزڈیسک)معروف آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ آمیزون کے بانی جیف بیزوز نے صرف 20 منٹ میں چھ ارب ڈالرز (6 کھرب 28 ارب سے زائد پاکستانی روپے) کمائے۔یہ کمال ان کی سہ ماہی آمدنی رپورٹ کی بدولت ہوا جس میں ماہرین کے اندازوں سے زیادہ منافع کمانے کی رپورٹ سامنے آئی۔آمدنی کے اعلان کے بعد کمپنی کے شیئرز میں لگ بھگ 13 فیصد اضافہ ہوا اور جیف بیزوز کے اثاثوں میں صرف 20 منٹ میں چھ ارب ڈالرز کا اضافہ ہوگیا۔پاکستان میں تو اس ویب سائٹ کی آن لائن خرید و فروخت کی سروس کام نہیں کررہی تاہم دنیا کے بیشتر ممالک میں یہ کافی متحرک ہے ۔کمپنی نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 29.1 ارب ڈالرز کمائے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6 ارب ڈالرز زیادہ ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیس بک نے بھی اپنی آمدنی کے اعدادوشمار میں 5 ارب ڈالرز کا منافع ظاہر کیا تھا تاہم ایپل اور ٹوئٹر کے لیے یہ سہ ماہی کافی خراب ثابت ہوئی۔