اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کھاد کارخانوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں کمی جبکہ بجلی کارخانوں کیلئے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔اوگرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کارخانوں کیلئے گیس 13 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی جس کے بعد پاور پلانٹس کیلئے گیس کے نئے نرخ 613 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر ہوئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کھاد کے کارخانوں کیلئے گیس 76.59 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سستی کی ہے جس کے بعد کھاد کے کارخانوں کیلئے گیس کے نئے نرخ 123.41 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کئے گئے ہیں۔