اسلام آباد، کراچی (نیوز ڈیسک)ایران پر تاحال کچھ اقتصادی پابندیاں باقی ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ تہران سے ڈالر کے بجائے یورو میں تجارت کی جائے گی، وزارت تجارت نے مسودہ تیار کرلیا، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے وزارت تجارت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا نے ایران پر سے ابھی کچھ اقتصادی پابندیاں نہیں ہٹائی ہیں جس کے باعث فی الحال ایران کے ساتھ ڈالر میں تجارت کے لیے لیٹر آف کریڈٹ جاری کرنا ممکن نہیں۔اگر ڈالر میں تجارت کے لیے لیٹر آف کریڈٹ جاری کردیا تو امریکا کی جانب سے پاکستان کے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، اس کے برعکس یورو میں فوری تجارت کے لئے یورپی بینکوں کی جانب سے کسی رکاوٹ کا خدشہ نہیں۔دوسری جانب ایرانی تاجر جلد پاکستان سے تجارت کے لئے ایل سی کھولنا شروع کردیں گے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بینکوں اور تاجروں کو آگہی فراہم کرنے کے لئے کراچی میں آئندہ ماہ سیمینار منعقد کیا جائے گا۔