لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نوجوانو ںکو بااختیار بنانے کیلئے متعدد پروگرام شروع کر رکھے ہیں، نوجوانوں کی ترقی، انہیں بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جاری پروگراموں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کیلئے” ای۔روزگار تربیتی پروگرام“ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ”ای۔روزگار تربیتی پروگرام“ نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پروگرامز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل روزگار کی فراہمی کیلئے تربیت موجودہ وقت کا اولین تقاضا ہے۔ ای۔روزگار تربیتی پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹریننگ دے کر مزید بااختیار بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سٹیئرنگ کمیٹی کو ہدایت کی کہ پروگرام کا طریق کار وضع کرکے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ترقی دے کر ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ صوبے میں نوجوانو ںکو روزگار کی فراہمی اور انہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانو ںکو مختلف فنون کی تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے ملک کی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکتی ہے او راسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور ”ای۔روزگا رتربیتی پروگرام“ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت نوجوانو ںکو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے ”ای۔ روزگار تربیتی پروگرام“ کے بنیادی خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراءراجہ اشفاق سرور، چوہدری محمد شفیق، عائشہ غوث پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، چیئرمین ٹیوٹا، چیئرمین پی وی ٹی سی اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میںشرکت کی۔