لاہور (نیوز ڈیسک)عالمی بینک نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر فنڈز کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئند مالی سال کے ترفیاتی فنڈز کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے عالمی بینک کے تحفظات کے بعد معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کر لیا جس میں عالمی بینک نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دیدی گئی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ورلڈ بینک کی طرف سے پنجاب میں ترقیافی منصوبوں کےلئے جاری کیے گئے فنڈز کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا گیاتھا ۔ ورلڈ بینک کی طرف سے جو ترقیاتی منصوبوں کےلئے فنڈز جاری کیے جاتے ہیں وہ منصوبے بروقت مکمل نہیں ہو پاتے جس کی وجہ سے ان منصوبوں کی لاگت بڑھ جاتی ہے اور عالمی بینک کواس کے لئے مزید اضافی فنڈز جاری کرنے پڑتے ہیں ۔ اس ساری صورتحال کے بعد ورلڈ بینک نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی فنڈز پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے مختلف محکموں کے افسران کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ورلڈ بینک کے نمائندوںکو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ اجلاس میں عالمی بینک کے تحفظات کے حوالے سے بات چیک کی جائے گی جبکہ عالمی بینک کے نمائندے بجٹ کے استعمال پر بریفنگ دیں گے ۔