دبئی(نیوز ڈیسک) ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ ایران1.3 ملین بیرل خام تیل یومیہ برآمد کررہا ہے اور نئے ایرانی سال کے آغاز پر برآمد کی شرح1.5 ملین بیرل یومیہ ہو جائے گی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تیل کی تجارت کرنے والے ادارے بین الاقوامی آئل مارکیٹ میں ایران کی واپسی کا قریبی مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران آئل مارکیٹ میں بتدریج جگہ بنا رہا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق نائب صدر اسحاق جہانگیری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس وقت ایران1.3 ملین بیرل خام تیل یومیہ برآمد کررہا ہے۔20 مارچ سے نئے ایرانی سال کا آغاز ہو جائے گا اور نئے سال کے آغاز پر تیل برآمد کرنے کی شرح1.5 ملین بیرل یومیہ ہو جائے گی۔ 2011 میں اقتصادی پابندیوں سے قبل ایران کی تیل کی یومیہ پیداوار3 ملین بیرل تھی۔ نائب صدر نے کہا کہ ایران گیس اور تیل کے ریفائن مصنوعات پر بھی توجہ دے رہا ہے اور گزشتہ دسمبر تک9 مہینوں کے دوران ایران35 ملین ٹن پٹرو کیمیکل مصنوعات کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔