کراچی، لاہور(نیوزڈیسک)کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں چینی کے فی کلو دام باسٹھ سے تریسٹھ روپے تک جا پہنچے۔ عوام نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔سندھ اور پنجاب میں چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں چینی ایک بار پھر مہنگی کردی گئی۔ ہول سیل ریٹ میں چینی اٹھاون سے ساٹھ جبکہ عام بازاروں میں چینی فی کلو دام باسٹھ سے تریسٹھ روپے پر جا پہنچے۔ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر انیس مجید کے مطابق چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ افغانستان کو چینی برآمد کرنا ہے۔ حکومت چاہے تو چینی کی قیمت پھر مستحکم ہوسکتی ہے۔دوسری جانب چینی کے من مانے اضافے سے پریشان عوام نے چینی مہنگے کرنے کے اقدام کو مسترد کردیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے برآمدات کو وجہ بنا کر چینی کی فی کلو قیمت میں دس سے بارہ روپے کا اضافہ نہ صرف سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ منافع خور مافیہ کے سامنے حکومت کی بے بسی کی بھی دلیل ہے۔