پیرس(نیوزڈیسک)تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہورہاہے؟ بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے اوپیک ممالک کا ”راز“فاش کردیا، بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے ذمہ دار اوپیک ممالک ہیں۔ادارے کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ پچھلے مہینے 12 سال کی کم ترین سطح پر رہے، اب مارکیٹ کی جلد وسیع تر بحالی کی امید رکھنا غلط ہوگا۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی نےکہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کے ذمہ دار اوپیک ممالک ہیں جنھوں نے حد سے زیادہ تیل کی پیداوار کے ذریعے یہ صورتحال پیدا کررکھی ہے۔ایجنسی کا کہنا ہے کہ تیل کے نرخوں میں اضافے کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اس کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جزو وقتی کمی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔جولائی 2014 ءمیں خام تیل کے نرخ 100 ڈالر فی بیرل سے زیادہ تھے جو پچھلے مہینے 30 ڈالر فی بیرل کی سطح سے بھی نیچے آگئے جس کی وجہ چین کی سست شرح نمو اور اوپیک ممالک کی جانب سے تیل کی ضرورت سے کہیں زیادہ پیداوار ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ تیل کی کم قیمتیں تیل کی زیادہ کھپت والے ملکوں اور عالمی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں کیلئے بہتر ہیں اور حالیہ مہینوں میں سرمایہ کاروں نے صارفین کی بڑھتی طلب پوری کرنے کیلئے صنعتی پیداوار میں اضافے کے ذریعے اس کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔پچھلے مہینے تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بین الاقوامی سطح پر اس کے سودے 28 ڈالر فی بیرل سے بھی کم نرخوں پر ہوئے۔