کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران جعلی سونا بیچنے والے گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کرکے جعلی سونے کے 417 بسکٹ برآمد کرلئے ہیں۔ایس ایس پی کورنگی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں جعل ساز ملزمان کا ایک گروہ لوگوں کو اصلی سونے کا ایک بسکٹ دکھا کر جعلی سونا فراہم کرتا تھا۔ایک خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے شاہ فیصل کالونی بلاک دو کے عید گاہ گراﺅنڈ میں چھاپہ مارا جہاں سے دو ملزمان ظفر علی اور منظور احمد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے جعلی سونے کے 417بسکٹ برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان پنجاب کے علاقے سیالکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں جو اس سے پہلے بھی کئی لوگوں کے فراڈ کر چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم ظفر علی اور منظور نے بتایا کہ ان کا تعلق نوسر بازوں کے گروہ سے ہے۔ ملزم ٹرین اور بسوں میں مسافروں کو جعلی سونے کے بسکٹ دکھا کر انہیں کم قیمت پر بیچا کرتے تھے۔ ملزموں کے خلاف کارروائی میں ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے گرفتار نوسربازوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں