لاہور( نیوز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی گرئی ہوئی قیمتوں کا پورا فائد عوام کو منتقل نہیں کیا جا سکا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمعیت طلبہ عریبہ لاہور کے ذمہ دارا ن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل محمد عمیر خان ، سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیز عابد نے شرکت کی ۔انہوں نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 12سال بعد 30ڈالر بیرل سے نیچے آنے کے باوجود حکومت نے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں کی۔حکومت کے لیے یہ ایک اچھا موقع تھا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اسی نتاسب سے کمی کرتی تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوتیں اور کاروبارکی ترقی کے لیے سازگار حالات پیدا ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو کوئی وقت ضائع کیے بغیر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر سارا بوجھ عوام کو منتقل کر دیا جاتا ہے ۔ لہٰذا حکومت کے لیے سنہری موقع تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کر رکھے ہیں کیونکہ حکومت تقریباََ 45فیصد ٹیکس ان مصنوعات سے اکھٹا کر رہی ہے اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے علاوہ 6روپے سے 14روپے فی لیٹر تک پیٹرولیم ٹیکس بھی ادا کرنا پڑتا ہے لیکن حکومت کی اس روش نے ملک میں توانائی کی قیمت اور کاروبار کی لاگت میں بہت اضافہ کر دیا ہے جبکہ غریب عوام مہنگائی سے تنگ آکر خود کشیاں کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد دیگر بھاری ٹیکسوں کو ختم کرے اور ان مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب حد تک کمی کرے جس سے بجلی سستی ہو ، کاروبار ی زندگی کے لیے حالات سازگار ہوں اور عوام کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی ہو ۔