اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے گیس صارفین پر ایک سو ایک ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی ہے ، منصوبہ منظوری کیلئے آج جمعرات کو اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم نے ایل این جی پائپ لائن منصوبے کی فنانسنگ کی ایک سو ایک ارب روپے کی سمری ای سی سی کو منظوری کیلئے بھجوائی ہے جس کے تحت ایک سو ایک ارب روپے کمرشل بینکوں سے حاصل کئے جائینگے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اوگرا نے اس تجویز کی مخالفت کی ہے اوگرا کا موقف ہے کہ ایل این جی منصوبوں کیلئے پائپ لائن ، جی آئی ڈی سی گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے مالی ضروریات پوری کی جائیں کیونکہ جی آئی ڈی سی ہٹ کر کمرشل بینکوں سے قرض لیا جائے گا تو اس کا اثر گیس صارفین پر پڑے گا اور گیس صارفین دوہرے ٹیکسوں کا بوجھ اٹھائینگے۔