لاہور/صفدر آباد(نیوزڈیسک)لودھراں سے رائیونڈ تک پاکستان ریلوے کے ڈبل ٹریک کا افتتاح آج بروز( ہفتہ) ہو گا جس کے بعد لاہور سے کراچی تک مین لائن کا ڈبل ٹریک مکمل ہوگیا ہے۔ اس سے ٹرینوں کی روزانہ گنجائش 18سے بڑھ کر 34ہوجائے گی۔ سفر کے دورانیے میں کمی اور حادثات کے سدباب سمیت سالانہ 11سو37ملین روپے کی بچت ہوگی۔مسافر ٹرین کی رفتار105کلومیٹرفی گھنٹہ سے 160کلومیٹر تک بڑھائی جاسکے گی۔دوسری جانب ریلوے انتظامیہ نے لاہور سے فیصل آباد سیکشن پر چلنے والی ٹرین 113اپ اور 114 ڈاﺅن غوری ایکسپریس کا سٹاپ فاروق آباد ریلوے اسٹیشن پر بحال کر دیا ہے۔ٹرین آج ( ہفتہ ) 9جنوری سے لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے اور فیصل آباد سے واپسی پر فاروق آباد ریلوے اسٹیشن پر دو منٹ کے لئے رکا کرے گی۔