لاہور(انیوزڈیسک )ایف بی آر نے ٹیکس چھوٹ لے کرکروڑوں روپے کمانے والی فلاحی تنظیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ ان فلاحی تنظیموں کے بینک اکاو¿نٹس اور ٹیکس گوشواروں کی پڑتال کے بعد ٹیکس ریکوری کی جائے گی۔ ایف بی آر نے “نان پرافٹ ایبل آرگنائزیشن”کے طور پر رجسٹرڈ ہونے والے تمام اداروں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین کا فیصلہ کرلیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ٹیکس آفس ون کے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر تنویرحسین بھٹی کو فلاحی اداروں کے بینک اکاو¿نٹس اور ٹیکس گوشواروں کی چھان بین کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق شہر میں کئی بڑے تعلیمی ادارے،یونیورسٹیز اور ٹرسٹ غیر منافع بخش تنظیم کے طورپر ٹیکس چھوٹ لے کر کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔ذرائع کاکہنا ہےکہ ایف بی آر نے ایسے تمام فلاحی اداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو منافع بخش ہونے کے باوجود محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کے ساتھ ملی بھگت کرکے خلاف ضابطہ ٹیکس استثنیٰ لے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہےکہ تحقیقات میں منافع بخش کاروبار ثابت ہونےوالے فلاحی اداروں پر جرمانے عائد کرکے ریکوری کی جائےگی۔