دوحہ(نیوزڈیسک)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاہے کہ ’قطر مزدوروں کا استحصال روکنے میں ناکام رہا ہے، قطر تاحال غیر ملکی کارکنوں اور مزدوروں کے استحصال کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کر سکا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک جاری کیے گئے بیان میں عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہناتھا کہ مزدوروں کا استحصال جاری رہنا قطر اور فٹبال کی عالمی نگران تنظیم فیفا دونوں کے لیے باعثِ شرم ہے۔حقوقِ انسانی کی تنظیم نے الزام عائد کیا کہ قطری حکام کارکنوں کو نوکری کی تبدیلی کا حق دینے اور اپنی مرضی سے ملک چھوڑنے سمیت کئی اہم معاملات میں کوئی بھی تبدیلی لانے میں ناکام رہے ہیںقطر مزدوروں کے استحصال کے الزامات سے انکار کرتا رہا ہے اور اس کا موقف ہے کہ اس نے مزدوروں کے حوالے سے کئی اصلاحات کی ہیں۔ایک اندازے کے مطابق قطر میں 18 لاکھ غیر ملکی مزدور کام کرتے ہیں جن میں سے بیشتر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے تعمیراتی سرگرمیوں کا حصہ ہیں،ایک اندازے کے مطابق قطر فٹبال ورلڈ کپ کے لیے کی جانے والی تعمیرات پر دو سو ارب ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کر رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی وجہ سے ریاست بھر میں جاری تعمیراتی منصوبوں میں تیزی آ گئی ہے۔