کراچی(نیوز ڈیسک) وفاقی وزارت تجارت نے مقامی انڈسٹری کے تحفظات کو نظرانداز کرتے ہوئے لاہور میں سارک ممالک کی نمائش کے لیے درآمد کیے جانے والے سونے، چاندی اور ہیروں کے زیورات پر درآمدی ڈیوٹی کی چھوٹ فراہم کردی۔وزارت تجارت نے نمائش میں بھارتی کمپنیوں کی شرکت پر مقامی سطح پر ہونے والے احتجاج کے باوجود بھارتی کمپنیوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے مصنوعات نمائش کے لیے لانے اور واپس بھجوانے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ سارک ملکوں کی 12 ویں نمائش ”سارک فیئر 2015“ لاہور میں 4 تا 6دسمبر منعقد ہورہی ہے جس میں بھارتی کمپنیوں کے علاوہ سارک ملکوں کی متعدد کمپنیاں اور تجارتی وفود شرکت کررہے ہیں۔اس نمائش میں بھارتی جیولری ایکسپورٹرز کی شرکت اور مصنوعات کی فروخت کے خلاف لاہور کے جیولرز کی جانب سے احتجاج بھی کیا جارہا ہے اور نمائش کے لیے لائی جانے والی بھارتی جیولری پر ٹیکس چوری اور فروخت کی رقم ہنڈی حوالہ کے ذریعے واپس بھارت بھیجنے کے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔لاہور کے جیولرز نے نمائش کے موقع پر ہڑتال کا بھی اعلان کیا ہے تاہم وزارت تجارت نے اس احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے 30نومبر کو جاری کردہ ایک آفس میمورنڈم کے ذریعے ہیرے اور نیم قیمتی پتھروں سے مزین سونے اور چاندی کے علاوہ مصنوعی زیورات پر بھی درآمدی ڈیوٹی کی چھوٹ کا اعلان کردیا ہے۔مقامی انڈسٹری کی مخالفت کے باوجود سارک فیئر میں جیم اینڈ جیولری پر ڈیوٹی کی چھوٹ کے بارے میں موقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے پر آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمن نے کہا کہ ایسوسی ایشن کو اس نمائش کے لیے جیم اینڈ جیولری کی درآمد پر ڈیوٹی کی چھوٹ پر سنگین تحفظات ہیں جن کے بارے میں وفاقی وزارت تجارت کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے مطلع کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے سلسلے میں حکومت نے پاکستانی جیم انڈسٹری کے نمائندہ ہونے کے باوجود ہم سے رابطہ نہیں کیا، حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ نمائش میں شرکت کے لیے پاکستانی کمپنیوں کو کوئی مراعات دی گئیں نہ پاکستانی جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کی نمائندہ آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کو مدعو کیا گیا، سارک فیئر میں پاکستان کی ایک بھی جیولری ایکسپورٹ کمپنی کو شریک نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی بھارتی جیولری کی یلغار ہے، نمائش میں ڈیوٹی کی چھوٹ سے فائدہ اٹھاکر بڑے پیمانے پر بھارتی جیولری پاکستان میں ڈمپ کیے جانے کا خدشہ ہے جس بحرانی کیفیت سے دوچار پاکستانی انڈسٹری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ نمائش کے سلسلے میں ڈیوٹی چھوٹ سے متعلق ا?فس میمو میں وزارت تجارت نے کہا ہے کہ یہ چھوٹ سارک فیئر میں شریک ہونے والے تمام ملکوں کے نمائش کنندگان کو فراہم کی جائے گی۔اس سہولت کا اطلاق فضائی راستے سے لائی جانے والی جیولری پر بھی کیا جائے گا، سہولت صرف 3روزہ نمائش کے لیے لائی جانے والی جیولری کے لیے دی گئی ہے، وفاقی وزارت نے نمائش میں شرکت کے لیے آنے والی بھارتی کمپنیوں کی سہولت کے لیے غیرممنوعہ اشیا واہگہ کے راستے لانے اور واپس بھجوانے کی بھی اجازت دے دی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں