اسلام آباد(نیوزڈیسک)نندی پور پاور منصوبہ پاکستان کی معیشت کے لئے گلے کی ہڈی بن گیا۔منصوبہ لگانے والی چینی کمپنی نے ہی ہاتھ کھڑے کردیئے اور اسے چلانے سے انکار کردیا۔حکومت اس منصوبے کی وجہ سے کافی مشکل میں پھنس گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی ڈونگ فینگ نے یہ منصوبہ لگایا تھا، پاکستان کی حکومت نے کمپنی سے کہا کہ چھ ماہ تک یہ منصوبہ چلایا جائے تاکہ پیداوار اور لاگت کو کنٹرول کیا جاسکے تاہم کمپنی نے منصوبہ چلانے سے انکار کردیا۔چینی کمپنی کی طرف سے نندی پور پاور منصوبے کا آپریشن سنبھالنے سے معذرت کئے جانے کے بعد آپریشنز کا ٹھیکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عالمی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی اور اس کے لئے باقاعدہ اشتہار دیا جائے گا۔واضح رہے کہ 925 میگاواٹ کا نندی پور پاور پراجیکٹ باوجود کوشش کے نہ پوری پیداوار دے رہا ہے بلکہ اس کی لاگت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔اس منصوبے پر اب تک حکومتی اعدادوشمار کے مطابق58ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر یہ منصوبہ88ارب روپے میں پڑسکتا ہے۔