اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کمرشل بنکوں کو سود کی مد میں 9 ارب 73 کروڑ روپے اضافی ادا کر دیئے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے ملکی بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے حاصل کر رکھے ہیں جن پر بھاری سود بھی ادا کرنا پڑ رہا ہے ۔ آن لائن کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے 62 ارب روپے کے قرضے حاصل کر رکھے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے سب سے زیادہ قرضہ مسلم کمرشل بنک اور نیشنل بنک سے حاصل کیا تھا اور سود کی شرح میں بھی زیادہ ادا کیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے قرضوں پر اٹھنے والے سود کی اصل مد سے بھی 9 ارب 73 کروڑ روپے زائد ادا کر دیئے ہیں جن سے صوبے کے اندر متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ نہیں سکے ۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلی جن کے پاس وزارت خزانہ کا بھی قلمبدان ہے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صوبے کے مالی معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر کے اور اپنے وسائل کے اندر رہ کر اخراجات کئے جائیں ۔ زیادہ قرضے حاصل کرنے پر صوبے کی عوام کو مسائل کی دلدل میں نہ دھکیلا جائے ۔