اسلام آباد (نیوز ڈیسک )ایک سال کے دوران چاول40 روپے کلو سستا ہونے کے باوجود ریٹیلرز کی جانب سے قیمتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہول سیل سطح پر چاولوں کی قیمتیں آدھی ہوگئیں مگر ریٹیلرز کی ہٹ دھرمی کے باعث عوام کو کمی کا پورا فائدہ منتقل نہ ہوسکا، زائد منافع کی حوس ختم ہونے سے چاول مزید 20 روپے کلو تک سستا ہوسکتا ہے ۔ پاکستان نہ صرف چاول کی پیداوار میں خودکفیل ہے بلکہ سالانہ 2 ارب ڈالر مالیت کا چاول برآمد بھی کرتا ہے۔ عالمی سطح پر چاول کی قیمتیں 40 فیصد تک گرنے سے جہاں کاشتکار کا کباڑہ نکل گیا ہے وہیں صارف بدستور مہنگا چاول خریدنے پر مجبور ہے۔ ایک سال کے دوران ہول سیل پر مختلف اقسام کے چاول 30 سے 40 روپے کلو سستے ہوچکے ہیں تاہم ریٹیلرز کی جانب سے اس تناسب سے داموں میں کمی نہیں کی گئی ۔ ملک بھر کی ریٹیل مارکیٹ میں سپر باسمتی چاول 160 روپے کلو ، سپر چاول 100 روپے ، ٹوٹا چاول 70 روپے جبکہ ایری سکس 50 روپے کلو میں فرخت کیا جا رہا ہے ۔