کراچی (نیوزڈیسک) جامعہ کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل اکیرا اوچی (Akira Ouchi )نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی کی معاشی صورتحال کو کامیابی سے بہتر بنانے کے لئے مصروف عمل ہے ۔پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے حالات بہت ساز گار ہیں اور امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آچکی ہے۔امرواقعہ یہ ہے کہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل سے سنجیدہ کاوشوں کی ضرورت ،اسی تناظر میں پاکستان سرمایہ کاری کے لئے عالمی سطح پر موزوں ترین ممالک کی صف میں شامل ہے جبکہ پاکستان کی 60% فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحال کے ضامن ہوتے ہیں ۔پاکستان میں تعلیمی اور تکنیکی تعلیم عام ہوجائے تو پاکستان کی غیر معمولی ترقی کوئی نہیں روک سکتا ۔جامعہ کراچی کے کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ لیکچربعنوان: ”پاک جاپان تعلقات۔امکانات اور مواقع“ ( Pak Japan Relations : Prospects and Opportunities)سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر،رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر غزالہ حفیظ رضوانی ،رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان بھی موجود تھے۔ قونصل جنرل اکیرا اوچی نے مزید کہا کہ جاپان کا تعلیمی نظام دنیا کے بہترین تعلیمی نظام میں شمار کیا جاتا ہے جس کے تحت ایک لاکھ چالیس ہزار بیرون ممالک سے آنے والے طلبہ جاپان میںاعلیٰ تعلیم اورتحقیق میں مصروف ہیں۔جاپان کے پاس کسی قسم کے قدرتی وسائل نہیں ہے اس کے باوجود جاپانی قوم ہر سنگین بحران سے کامیابی سے ہمکنار ہونے میں کامیاب ہوئی ہے۔پاکستان اور جاپان کے مابین 1952 ءسے سیاسی ،سماجی ،ثقافتی اور معاشی تعلقات قائم ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط ترہورہے ہیں۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور محبت کا لازوال رشتہ قائم ہے ،حالات کچھ بھی ہوں مگر جاپان سے تعلقات اور دوستی متاثر نہیں ہوتی۔جاپانی جامعات میں اُردو کے شعبہ جات کا قیام انتہائی خوش آئند ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کے ذریعے طلبہ اور اساتذہ کو تدریس وتحقیق کے مواقع مل سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ماضی کی طرح جاپانی زبان سکھانے کے لئے جامعہ کراچی جاپانی لینگویج کی کلاسز کا اجراءقونصل جنرل کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیئے۔اس طرح پاک جاپان دوستی کے لئے اہم اورسنگ میل ثابت ہوگا۔ڈاکٹر مونس احمر نے کہا کہ جاپان ،اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا مستقل رکن بننے کی مکمل اہلیت رکھتاہے ،ہمیں جاپانی قوم سے پروفیشنلزم کے فن کو سیکھنا چاہیئے۔جاپانی قوم ایٹمی تباہ کاریوں کے باوجود صرف ایک نسل بعد دنیا کی تیسری بڑی معاشی قوت ابھر کرسامنے آئی جوجاپانی قوم کی محنت اور لگن کا ثمر ہے ۔رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے جاپاپنی تہذیب کا وتمدن کا۔۔تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی قدیم تاریخ تہذیب وثقافت کے امین اور اقوام عالم میں متمدن تہذیب کی امین قوموں میں شمارہوتاہے۔بعد ازاں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے جاپانی قونصل جنرل کو شلیڈ بھی پیش کی۔