بیجنگ(نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے جاری منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور چینی سرمایہ کاروں کو وسائل بھی جلد فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بیجنگ نے چین میں نائب وزیر اعظم ڑانگ ہاﺅلی سے ملاقات کی۔ چین کے نائب وزیر اعظم نے پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں کی نگرانی کے لئے اپنی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چین کے ایگزم بینک کے صدر لی روگو سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماﺅں نے پاکستان میں سرگرم چینی کمپنیوں کے لیے وسائل کی جلد فراہمی پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل صوبہ شین ڈونگ کے نائب گورنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، شہباز شریف نے شین ڈونگ اور پنجاب کو جڑواں صوبے قرار دینے کی پیشکش کی اور ان کا کہنا تھا کہ پنجاب شین ڈونگ کی ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔