اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے ہارٹیکلچر اینڈ فوڈ ایکسپورٹ کے چیئرمین احمد جواد نے کہا ہے کہ زرعی برآمدات کے فروغ کیلئے روس کی منڈی پر خصوصی توجہ اور اس مقصد کیلئے خصوصی نمائشیں منعقد کرانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روسی تاجر و درآمد کنندگان پاکستان سے کاروباری روابط بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کی زرعی درآمدات کا سالانہ حجم 40 ارب ڈالر ہے اور یورپی ممالک سے درآمدات پر پابندی کی وجہ سے 23.5 ارب ڈالر کی درآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اپنی غذائی ضروریات کی تکمیل کیلئے درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ احمد جواد نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی روس کے ساتھ تجارت کا حجم 550 ملین ڈالر ہے جو استعداد سے کہیں کم ہے۔ روس میں سمندری غذا کی درآمدات کی طلب بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلئے روس کے مختلف شہروں میں تجارتی نمائشیں منعقد کرنی چاہئیں تاکہ ملکی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔