لندن(اے این این)عالمی مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان ، خام تیل کی قیمت40ڈالفر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔لندن کے بازارِ حصص میں رواں سال کے دوان اب تک کی سب سے زیادہ کمی اس ہفتے کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔رواں ہفتے کے دوران فٹسی 100 انڈکس میں پانچ فیصد تک کی گراوٹ آئی جبکہ فرانس، جرمنی اور امریکہ کے بازار حصص میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔امریکی سٹاک مارکیٹ سٹینڈرڈ اینڈ پوروز میں 3.9 فیصد کمی آئی جو گذشتہ چار برسوں میں ایک دن کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ کمی ہے۔بازار حصص میں کمی کے ساتھ امریکی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت بھی کم ہوئی ہے اور خام تیل 40 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے جو کہ اقتصادی بحران کے بعد اب تک کی کم ترین قیمت ہے۔چین میں کارخانوں کی پیداوار کے حوالے سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ چھ برسوں کے مقابلے اگست میں پیدواری شعبے کی ترقی میں سب سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔مینوفیکچرنگ پرچیزنگ انڈیکس 47.8 سے کم ہو کر 47.1 پر آ گیا ہے۔ اس اعدادوشمار کے بعد چین کے بازارِ حصص میں بھی مندی کا رجحان رہا۔شنگھائی انڈیکس میں رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 12 فیصد کی کمی آئی ہے۔ماہرین کے مطابق چین کے بازارِ حصص میں کمی حکومت کی جانب سے کرنسی کی قدر میں کمی اور سست پیداواری شرح کی وجہ سے ہوئی ہے۔چین کے کارخانوں کی پیدواری ترقی کی شرح سنہ 2009 کے اقتصادی بحران کے بعد اب تک کی کم ترین سطح پر ہے۔چین کی معیشت کا جائزہ لینے کے لیے مینوفیکچرنگ پرچیزنگ انڈیکس کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اس اشاریے کے مدد سے اقتصادی ترقی کی سمت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 2014 کے دوران چین کی اقتصادی شرح نمو 7.4 فیصد رہی جو سنہ 1990 کے بعد اب تک کی کم ترین سطح ہے۔